جاپانی کمپنیاں برقی گاڑیوں کی تیاری کیلئے کوشاں
مضبوط اور پائیدار گاڑیوں میں جاپانی گاڑیاں اپنی مثال آپ سمجھی جاتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ کار سازی کی عالمی صنعت پر جاپانی کمپنیوں کا نصف صدی تک راج رہا۔دور جدید میں الیکٹرک کاریں تیار کرنے کیلئے جاپانی کار ساز کمپنیوں کو کچھ مشکلات درپیش ہیں، اس لیے وہ اب امریکی اور چینی مدمقابل کمپنیوں کے ہم پلہ آنے کی کوشش کر رہی ہیں۔سال 2022کے دوران 62 مارکیٹوں میں برقی گاڑیوں کی فروخت کے تجزیے سے پتہ چلتا ہے کہ12 لاکھ سے زائد گاڑیاں فروخت کرتے ہوئے امریکی کمپنی ٹیسلا پہلے نمبر پر جبکہ آٹھ لاکھ ساٹھ ہزار گاڑیاں فروخت کرتے ہوئے چین کی بی وائی ڈی دوسرے نمبر پر رہی۔جاپان کی صرف دو گاڑی ساز کمپنیوں یعنی نسان موٹر اور مِتسوبیشی موٹرز نے چوٹی کی دس کمپنیوں کی فہرست میں جگہ بنائی لیکن پھر بھی انہوں نے فرانس کی کمپنی رینالٹ کے ساتھ تین رکنی اتحاد قائم کرتے ہوئے محض ساتویں پوزیشن حاصل کی۔یہ مایوس کن کارکردگی جاپان کی چوٹی کی گاڑی ساز کمپنیوں کے لیے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ بالخصوص اس لیے بھی کہ وہ ایک دہائی پہلے تک بیٹری سے چلنے والی گاڑیاں بنانے والوں میں سب سے آگے تھیں۔سال 2010میں نسان نے مارکیٹ میں وسیع پیمانے پر برقی گاڑیاں فروخت کے لیے پیش کرنے والی پہلی کمپنی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا، جس سے عالمی سطح پر جاپانی کمپنیوں کے تسلط کا ایک اور دور یقینی نظر آنے لگا تھا لیکن آنے والے سالوں میں صورتحال نے الگ رخ اختیار کرلیا۔