بھارت:پولیس اہلکار کی گولی لگنے سےخاتون زخمی،اہلکار معطل
بھارت کی ریاست اتر پردیش میں پولیس اسٹیشن کے اندر افسر کے ہاتھوں خاتون کو گولی لگنے کی فوٹیج سامنے آگئی۔واقعہ علی گڑھ میں پیش آیا جہاں متاثرہ خاتون پاسپورٹ کی تصدیق کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن گئی تھیں۔سینئر سپرنٹنڈنٹ کالاندھی نیتھانی نے بتایا کہ متاثرہ خاتون 2 بج کر 50 منٹ پر تھانے پہنچیں۔سی سی ٹی وی کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متاثرہ خاتون لڑکے کے ساتھ تھانے میں کھڑی ہیں۔ اس دوران ایک پولیس اہلکار آیا اور اس نے بندوق سب انسپکٹر منوج شرما کے حوالے کی۔منوج شرما نے بندوق کا معائنہ کیا اور اس دوران اتفاقیہ گولی چل گئی جو خاتون کو جا لگی۔ خاتون کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویش ناک ہے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ کالاندھی نیتھانی نے بتایا کہ گولی خاتون کے سر کے پچھلے حصے میں لگی۔ انہوں نے بتایا کہ سب انسپکٹر منوج شرما کو فوری معطل کر دیا گیا۔کالاندھی نیتھانی نے کہا کہ لاپراہی برتنے پر منوج شرما کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، پولیس افسر کے خلاد مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔