میئر نیویارک کا لیتھیم آئن بیٹری چارج کرنے والے پائلٹ پروگرام کا اعلان
نیو یارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے نئے سال کے اوائل میں لیتھیم آئن بیٹری چارج کرنے والے پائلٹ پروگرام کا اعلان کردیا ۔ پائلٹ پروگرام شہر بھر میں متعدد مقامات پر ای-بائیک کی بیٹریز کو چارج کرنے کیلئے مختلف ٹیکنالوجیزکی جانچ کرے گا جو انتظامیہ کے "چارج سیف، رائڈ سیف” کے منصوبے کے حصے کے طور پر تیار کی گئی ہے تاکہ نیویارک کے شہریوں کو لیتھیم آئن بیٹریوں کی وجہ سے لگنے والی آگ سے بچایا جا سکے۔ میئر ایرک ایڈمز کا کہنا ہے کہ بیٹری تبدیل کرنے والے نیٹ ورکس اور تیزی سے چارج کرنے والی ای-بائیک ڈاکس کے ذریعے ہم ای-بائیک دوستانہ انفراسٹرکچر بنا رہے ہیں اور نئی نسل کیلئے اپنے شہر کی سڑکوں کو تیار کر رہے ہیں۔ ڈپٹی میئر برائے آپریشنز میرا جوشی نے کہا کہ ڈیلیوری ورکرز روزی کمانے کے لیے ایک محفوظ اور پائیدار طریقے کے مستحق ہیں، یہ پائلٹ پروگرام ای مائیکرو موبلٹی اسپیس میں نظم و نسق اور حفاظت میں معاونت کیلئے ایک اہم قدم ہے۔