vosa.tv
Voice of South Asia!

حماس کے رہنماوں کا تعاقب کرکے ختم کریں گے۔سربراہ شاباک کی دھمکی

0

تل ابیب:اسرائیل کی داخلی سلامتی سروس شاباک کے سربراہ رونن بار نے حماس کے رہنماؤں کو بیرون ملک قتل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل قطر، ترکی اور لبنان میں حماس کا پیچھا کرے گا چاہے اس مقصد کے لیے اسے برسوں بھی لگ جائیں۔اسرائیل کی داخلی سلامتی سروس شاباک کے سربراہ رونن بار نےکہا کہ کابینہ نے ہمارے لیے ایک ہدف مقرر کیا ہے۔یہ ہدف حماس کو ختم کرنا ہے۔ ہم اپنے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے غزہ،مغربی کنارے،لبنان،ترکیہ اور قطر میں اور کہیں بھی جا سکتے ہیں۔چاہے اس میں چند سال بھی لگ جائیں لیکن ہم اس پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا حالیہ حملہ ہمارا میونخ ہے۔میونخ کا ذکر کرتے ہوئے رونن بار نے 1972 میں اسرائیلی اولمپک ٹیم کے 11 ارکان کی ہلاکت پر اسرائیل کے ردعمل کا حوالیہ دیا۔اس وقت فلسطینی بلیک ستمبر تنظیم کے بندوق برداروں نے میونخ اولمپکس پر حملہ کیا تھا۔اسرائیل نے کئی سالوں اور کئی ملکوں میں تنظیم کے کارکنوں کے خلاف ٹارگٹ کلنگ مہم چلا کر اس حملے کا جواب دیا تھا۔یہ واضح نہیں ہے کہ ایجنسی کے سربراہ نے یہ بیانات کب یا کس کے لیے دیے۔سربراہ شاباک کے اس بیان پر حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ کے میڈیا ایڈوائزر طاہر النونو نے کہا ہے کہ حماس کے رہنماؤں کو اندرون اور بیرون ملک نشانہ بنانے کی اسرائیلی دھمکیاں تحریک کے کسی بھی رہنما کو خوفزدہ نہیں کرتیں۔ یہ دھمکیاں ان "مشکلات” کی عکاسی کر رہی ہیں جس کا اسرائیل سامنا کر رہا ہے۔یہ دھمکیاں دشمن کے رہنماؤں کی طرف سے بیان کردہ برادر ملکوں کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.