غزہ کیلئے مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ چین کا اہم دورہ کریں گے، سعودی وزیر خارجہ
ریاض:سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کیلئےعرب، مسلم ممالک کے سربراہان چین کا دورہ کریں گے۔چین نے اعلان کیا ہے کہ فلسطین اتھارٹی اور چار مسلم ممالک کی خارجہ پالیسی کے اعلیٰ حکام چین کا دورہ کریں گے۔دورہ کرنے والے وفد میں سعودی عرب، اردن، مصر، انڈونیشیا اور مغربی کنارے میں فلسطین اتھارٹی کے وزرائے خارجہ سمیت اسلامی تعاون تنظیم کے حکام شامل ہوں گے۔چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماو ننگ نے اس کی تصدیق کی ہے۔ماوننگ کے مطابق دورے کے دوران چین مسلم ممالک کے وفد کے ساتھ مسئلہ فلسطین کے حل، عام شہریوں کے تحفظ اور اسرائیل فلسطین تنازعے میں کمی کو فروغ دینے کیلیے تعاون پر تبادلہ خیال کرے گا۔اس سے قبل چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ میں جنگ بندی پر زور دیا۔ چین شروع سے فلسطینیوں سے ہمدردی رکھتا ہے اور ساتھ ہی اسرائیل فلسطین تنازع میں دو ریاستی حل کی بات کرتا ہے۔