گراج سنگھ ملنگا کو بی جے پی کا ٹکٹ دینے پر مودی سرکار شدید تنقید کی زد میں
راجستھان:راجستھان اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں ضلع بھرت پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے دلت ہرشادپاتی والمیکی کی پٹائی کرنے والے گراج سنگھ ملنگا کو بی جے پی کا ٹکٹ ملنے پر مودی سرکار پر شدید تنقید کی۔ایم ایل اے گراج سنگھ ملنگا کا تعلق بھی کانگریس سے تھا تاہم گزشتہ برس انھوں نے دلت انجینئر اور سرکاری ملازم 28 سالہ ہرشادپاتی کو اس بات پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا کہ انھوں نے ٹھاکروں کے گاؤں کی بجلی کاٹ دی تھی۔ گراج سنگھ نے دلت انجینئر کو اتنا پیٹا کہ انھیں تشویش ناک حالت میں اسپتال میں داخل کیا جانا پڑا۔کانگریس نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے گرج سنگھ ملنگا سے رکن اسمبلی کا ٹکٹ واپس لے لیا، جس کے بعد ملنگا بی جے پی میں شامل ہو گئے اور انھیں پارٹی نے امیدوار بنا کر باڑی اسمبلی سیٹ کا ٹکٹ دے دیا ہے۔کھڑگے نے خطاب میں کہا کہ پی ایم مودی خود کو غریبوں کا مسیحا کہتے ہیں، لیکن انھوں نے دلت ہرشادپاتی والمیکی پر بے رحمی سے تشدد کرنے والے ملنگا کو ہی ٹکٹ دے دیا، مودی اس لیڈر کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں جس نے دلت کی پٹائی کی۔