کیلیفورنیا:امریکی ریاست کیلیفورنیا کے دارلحکومت سیکرامنٹو میں نہتے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتیاظہار کےلئےریلی نکالی گئی، شرکا کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں غزہ میں 42 دنوں سے جاری اس صریح ظلم کو بند کرائیں اور غزہ میں سیز فائر کرائیں۔سیکرا منٹو میں نہتے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کےلئے نکالی گئی ریلی نے کنونشن سنٹر تک مارچ کیا۔ پریس کانفرنس اور ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر حاتم، کیئر کے ڈائریکٹر باسم الکرہ ، وائس آف جیو کے نمائندے اور حقوق انسانی کے گروپوں کے نمائندوں اور کمیونیٹی کے دیگر لیڈروں نے امریکی انتخابات 2024 کے صدارتی، کانگریس اور سینٹ کے امید وارو کو خبردار کیا کہ ہم مسلمانوں اور انسانی حقوق کے اداروں کی نظر آپ پر لگی ہوئی ہے اگر آپ نے فلسطین میں معصوم بچوں ، نہتے عوام ، عورتوں اوربوڑھوں پر اندھا دھند بمباری، بے رحمانہ اور ظالمانہ قتل عام، اور ان کی سرزمین سے ان کی بے دخلی نہ روکی اور ہمارے ٹیکسوں کے پیسے سے اسرائیل کی امداد بند نہ کی اور غزہ میں فوری طور پر فائر بندی کی حمایت نہ کی تو پورے امریکہ میں ہمارے ووٹوں کو بھول جاؤ۔2024 کا انتخاب پہلے کی طرح نہیں ہوگا۔ اس موقع پر مسلم کمیونیٹی اور یہودیوں اور عیسائیوں کے انسانی حقوق کے مختلف گروپوں کے لیڈروں نے اپنی تقریروں میں کہا کہ امریکہ اور اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں غزہ میں 42 دنوں سے جاری اس صریح ظلم کو بند کرائیں اور غزہ میں سیز فائر کرائیں۔ ریلی کے شرکا نے اپنے ہاتھوں میں فلسطین کا پرچم اور سینکڑوں کی تعداد میں پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر فوری سیز فائر کرو ، فلسطین کو فری کرو،سر زمین القدس سے 75 سالہ جابرانہ اور ظالمانہ قبضہ ختم کرو، ہمارا ٹیکس اسرائیل میں ہمارے خلاف مت استعمال کرو۔ہم یہودی آپ کے ساتھ ہیں۔ بچوں کا قتل عالم بند کرو کے انگریزی میں نعرے اور مطالبات لکھے ہوئے تھے۔ ریلی کے شرکا راستے بھر فلک شگاف نعرے بھی لگاتے رہے