واشنگٹن،غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین کے ساتھ امریکی کیپیٹل پولیس کی جھڑپ
واشنگٹن میں ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے صدر دفتر کے باہر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین آمنے سامنے آگئے۔ ڈیموکریٹک سوشلسٹ آف امریکہ، اِف نوٹ ناؤ موومنٹ اور جیوشن وائس فار پیس کے زیراہتمام ڈی این سی کی عمارت کے باہر احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ مظاہرین نے ڈی این سی عمارت کے داخلی دروازے کے سامنے نعرے بازی کی ۔پولیس نے مظاہرین کو پیچھے دھکیلا اور انہیں وہاں سے ہٹانے کی کوشش کی۔ مظاہرین کو سیڑھیوں سے نیچے دھکیل کر داخلی دروازے کی طرف لے جایا گیا ۔اس دوران پولیس نے آنسو گیس شیلنگ کا استعمال کیا۔ یو ایس کیپیٹل پولیس نے کہا کہ تقریباً 150 لوگ غیر قانونی اور پرتشدد احتجاج کر رہے تھے۔ جس میں چھ پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔کیپیٹل پولیس کے مطابق انہوں نے ایک شخص کو افسر پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہےجب کہ منتظمین نے ان الزامات کو مسترد کر دیا۔