مدھیہ پردیش کے افسران کانگریس کی دھمکیوں سے نہ گھبرائیں، مودی
دہلی:بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے مدھیہ پردیش کے افسروں اور ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس لیڈروں کی دھمکیوں سے گھبرائے بغیر اپنے کام میں ایمانداری سے لگے رہیں اورریاست میں 3 دسمبر کے انتخابی نتائج کے بعد بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہی حکومت رہنے والی ہے۔بی جے پی امیدواروں کی حمایت میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے مودی نے کہا کہ ریاست میں اپنی شکست یقینی دیکھ کر یہاں کے کانگریس لیڈروں پر ایک اور سائیڈ ایفیکٹ ہوا ہے۔ وہ بوکھلا گئے ہیں اور یہاں کے افسران اور ملازمین کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ریاست کے سرکاری ملازمین افسران سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ کانگریس لیڈروں کی دھمکیوں سے نہ گھبرائیں اور اپنا کام ایمانداری سے کریں۔ ریاست میں آج بھی بی جے پی ہے اور 3 دسمبر کے بعد بھی بی جے پی حکومت ہی ہے۔مسٹرمودی نے کہا کہ کانگریس کے دھمکی باز لیڈروں کا حال یہ ہے کہ ان کی خود کی کوئی گارنٹی نہیں ہے۔ ان کے کرپشن کے گناہ بہت ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ بدعنوان لیڈروں کی دھمکیوں پر کان نہ دھریں۔