دہلی کے چیف سکریٹری پر بدعنوانی کا سنگین الزام
دہلی:دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو چیف سکریٹری نریش کمار کے خلاف بدعنوانی کی شکایت موصول ہوئی ہے۔الزام ہے کہ نریش کمار نے دوارکا ایکسپریس وے کے لیے 19 ایکڑ زمین حاصل کرنے کے معاہدے میں ہیرا پھیری کی، جس کی وجہ سے ایک کمپنی کو 315 کروڑ روپے کا منافع ہوا۔نریش کمار اپریل 2022 میں دہلی کے چیف سکریٹری بنے۔ 40 دن بعد ہیمنت کمار نے جنوبی مغربی ضلع میں ڈی ایم کا عہدہ سنبھالا۔ انہوں نے دوارکا ایکسپریس وے کے لیے 19 ایکڑ اراضی کے حصول کا معاوضہ 41.50 کروڑ روپے سے بڑھا کر 353 کروڑ روپے کرنے کا حکم دیا۔اس سے پہلے تین ضلع مجسٹریٹس نے اس زمین کے معاوضے میں اضافہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ سال 2018 میں،جنوبی مغربی دہلی کے بامنولی گاؤں میں 19 ایکڑ کے پلاٹ کے حصول کے لیے 41.50 کروڑ روپے کا معاوضہ طے کیا گیا تھا۔ سال 2018 میں کل معاوضہ کی رقم 41.52 کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی، لیکن مئی 2023 میں، جنوب مغربی دہلی کے اس وقت کے ڈی ایم ہیمنت کمار نے معاوضے کی رقم بڑھا کر 353 کروڑ روپے کر دی، جو پہلے طے شدہ معاوضے سے تقریباً 9 گنا تھی۔ڈی ایم ہیمنت کمار کا معاوضہ رقم بڑھانے کے پیچھے یہ دلیل تھی کہ اس زمین کو پہلے زرعی زمین قرار دیا گیا تھا، جب کہ یہ رہائشی زمین ہے۔ زمین کی قیمت بھی اسی حساب سے دی جائے۔ دوسری طرف، جب نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا نے اس کا آڈٹ کرایا تو پتہ چلا کہ 1 کلومیٹر سڑک کی تعمیر کی منظور شدہ لاگت تقریباً 18 کروڑ روپے تھی۔ بعد میں ایک کلومیٹر سڑک بنانے کی لاگت 251 کروڑ روپے آئی۔