اقلیتوں کی بہبود کیلئے آندھراپردیش حکومت پُرعزم ،جگن موہن
دہلی:آندھراپردیش کے وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔وجئے واڑہ میں یوم اقلیتی بہبو د اور قومی یوم تعلیم کے موقع پر اندرا گاندھی میونسپل اسٹیڈیم میں ملک کے پہلے وزیرتعلیم بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے جگن موہن نے کہاکہ وائی ایس آرکانگریس حکومت نے اقلیتوں کی ترقی کو ترجیح دی ہے۔ پچھلی حکومت میں تلگودیشم نے اقلیتوں کونظرانداز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعلی کا عہدہ مسلمان کو دے کر ان کی حکومت اقلیتوں کا احترام کر رہی ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ ان کے والد و متحدہ آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی وائی ایس راج شیکھرریڈی نے مسلمانوں کیلئے پانچ فیصد ریزرویشن کو یقینی بنایاتھا۔ حکمران جماعت وائی ایس آرکانگریس کے سربراہ نے زوردیتے ہوئے کہاکہ ان کی پارٹی کے چارارکان اسمبلی اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ اقلیتوں کو ان کی وزارت میں مناسب مقام دیا گیا ہے۔نہ صرف یہ بلکہ ان کی پارٹی نے مسلم خاتون ذکیہ خانم کو قانون ساز کونسل کی نائب صدرنشین بننے کا موقع بھی فراہم کیا۔ انہوں نے کہاکہ تمام شعبوں میں ان کی حکومت نے 2019 سے اقلیتوں کے مفاد میں کئے کام کئے۔ یہ حکومت ہر غریب کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔