vosa.tv
Voice of South Asia!

ممتاز سکالر اور ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے سابق صدر ڈاکٹر قیصر عباس مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

0

ممتاز سکالر اور ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے سابق صدر ڈاکٹر قیصر عباس مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ  ڈینن میں ادا کی گئی  اور اسی شہر کے ایک مسلم قبرستان میں   سپرد خاک کر دیا گیا۔مرحوم ڈاکٹر قیصر عباس، پاکستان میں سید بخشش عباس رضوی اور فاطمہ توقیر کے ہاں پیدا ہوئے،وہ  ایک ممتاز ماہر تعلیم اور صحافی تھے۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے صحافت میں ماسٹرز کیا اور ابتدائی طور پر پاکستان ٹیلی ویژن کے لیے نیوز پروڈیوسر اور صوبہ پنجاب میں وزیر تعلیم کے انفارمیشن آفیسر کے طور پر کام کیا۔1981 میں، وہ امریکہ ہجرت کر گئے، جہاں انہوں نے مزید تعلیم حاصل کی، انہوں نےآئیووا سٹیٹ یونیورسٹی سے ماسٹر کی ڈگری حاصل کی اور وسکونسن میڈیسن یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کیا۔ مرحوم ڈاکٹر قیصر عباس نے ماس کمیونیکیشن کے شعبے میں اہم کردار ادا کیا اور مختلف امریکی یونیورسٹیوں میں انتظامی عہدوں پر فائز رہے جن میں اسسٹنٹ ڈین اور ملٹی کلچرل افیئرز کے ڈائریکٹر کے جیسے عہدہ  شامل ہیں۔ڈاکٹر عباس کو سیاسی اور بین الاقوامی مواصلات، ترقیاتی نشریات، شاعری، مزاحمت اور مابعد نوآبادیاتی جنوبی ایشیا میں گہری دلچسپی تھی۔ وہ انگریزی اور اپنی مادری زبان اردو دونوں میں علمی جرائد اور اخبارات میں حصہ ڈالنے والے ایک قابل مصنف تھے۔اپنی علمی کوششوں سے ہٹ کر، ڈاکٹر عباس اردو کے ایک منجھے ہوئے شاعر تھے جبکہ انہوں نے آخر وقت تک روزنامہ جدو جہد کے چیف ایڈیٹر کے طور پر خدمات سرانجام  دیں۔ انہوں نے کتاب "فرام ٹیررازم سے ٹیلی ویژن: ڈائنامکس آف اسٹیٹ، میڈیا اور سوسائٹی ان پاکستان” (روٹلیج، 2020) کی مشترکہ تدوین کی۔وہ کئی تنظیموں میں سرگرم عمل رہے اور خاص طور پر ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے صدر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز رہے۔ انہوں نے حال ہی میں اپنی پوتیوں ایمان اور نور رضوی کے لیے وقف کردہ کتاب "امید سحر کی بات” کے لیے ایک مخطوطہ مکمل کیا ہے۔ڈاکٹر عباس کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ ڈاکٹر صالحہ سلیمان، ان کے جڑواں بیٹے شہریار رضوی اور شہرزاد رضوی اور ان کے بہن بھائی منظر عباس، کوثر عباس، یاور عباس، حیدر عباس اور رانا خورشید شامل ہیں۔ڈیلس کی ادبی تنظیموں النور انٹرنیشنل کے روح رواں نور امرہوی ۔ اردو گھر ڈیلس کے رہنما ڈاکٹر عامر سلیمان۔ ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے صدر امیر مکھانی بورڈ کے اراکین سید فیاض حسن۔ راجہ مظفر، توصیف کمال، آفتاب صدیقی۔ راجہ زاہد خانزادہ۔ مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے رہنما ایماد سالم۔ پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے صدر سلمان تابانی، اراکین بورڈ آف ٹرسٹی برکت بسریا۔ عابد ملک، ڈاکڑ ریاض حیدر، پاکستان امریکن ایسوسی ایشن کے سابق صدر ڈاکٹر جاوید اجمل ، جاگو ٹائمز گروپ آف پبلیکیشن کی صدر ڈاکٹر نسرین۔ سمیت متعدد رہنماؤں نے ان کا انتقال کو علمی اور جنوبی ایشیائی کمیونٹی کے لیے بڑا نقصان  قرار دیتے ہوئے کہا ہے ، کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا انہوں نے پسماندگان سے اظہار ہمدردی انکے لئے صبر اور ڈاکٹر قیصر کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.