نیویارک میں دیوالی کی شاندارتقریب، ثقافتی رنگوں اورروایتی پرفارمنس نے سماں باندھ دیا
کوئینز (نیوزڈیسک) نیویارک کے علاقے کوئینز میں ہندو برادری کے مذہبی دیوالی کی مناسبت سے ایک پروقار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب میں روایتی ثقافتی پرفارمنس، اور کمیونٹی رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ذریعے دیوالی کی خوشیاں بھرپور انداز میں منائی گئیں۔احوال اس رپورٹ میں
روشنیوں کے تہوار دیوالی کی یہ رنگا رنگ تقریب کوئینز بورو پریزیڈنٹ ڈونوون رچرڈز کے دفتر کے اشتراک سے نیویارک سٹی ڈپارٹمنٹ آف کریکشن کی دیسی سوسائٹی، لیو آن نیویارک اورچھایا کمیونٹی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی مشترکہ کاوشوں سے کوئینز بورو ہال کے ہیلن مارشل کلچرل سینٹر میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز مذہبی رسومات کی ادائیگی اور منتر پاٹھ سے کیا گیا۔تقریب کے دوران مختلف فنکاروں نے دیوالی کی مناسبت سے روایتی ثقافتی اور رقص کی پرفارمنس پیش کیں، جنہوں نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔ رنگا رنگ ملبوسات، روایتی موسیقی اور فنکاروں کی دلکش پیشکشوں نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوئینز بورو کے پریزیڈنٹ ڈونووَن رچرڈز نے کہا کہ دیوالی محبت، اتحاد اور روشنی کا تہوار ہے جو مختلف ثقافتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو قریب لاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روشنی کی تاریکی پر فتح کا پیغام دینے والا یہ تہوار ہمیں مساوات اور شمولیت کے فروغ کی ترغیب دیتا ہے۔
تقریب میں نیویارک اسٹیٹ کے اسمبلی مین ڈیوڈ ویپرن نے بھی شرکت کی ،شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے ڈیوڈ ویپرن نے کہا کہ کوئنز دنیا بھر کی مختلف ثقافتوں اور تہذیبوں کا حسین امتزاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی روشنی کی تاریکی، امید کی مایوسی اور نیکی کی برائی پر فتح کا پیغام دیتی ہے اور ایمان، خاندان اور خدمت جیسی مشترکہ اقدار کو فروغ دیتی ہے۔اس موقع پر دیسی سوسائٹی کی عہدیدار ڈاکٹر مریم اور دیگر منتظمین نے شرکاء کو دیوالی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی آمد پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے اس طرح کی تقریبات کو مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان محبت، احترام، ہم آہنگی اور باہمی تعلقات کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیا۔
تقریب کی مناسبت سے موسیقی کا بھی اہتمام تھا جس میں مذہبی گیت پیش کئے گئے۔اس موقع پر کمیونٹی رہنماؤں کی خدمات کو سراہنے اور انہیں اعزازات سے نوازنے کا اہتمام بھی کیا گیا۔منتظمین کے مطابق دیوالی صرف روشنیوں کا تہوار نہیں بلکہ امید، خوشی، امن، محبت اور اتحاد کا پیغام بھی ہے۔ ایسی تقریبات مختلف مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو قریب لانے اور آپس میں محبت اور ہم آہنگی بڑھانے کا ذریعہ بنتی ہیں۔تقریب میں شریک افراد نے منتظمین کی کوششوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی مختلف ثقافتوں کے فروغ اور کمیونٹی کے اتحاد کو مضبوط بنانے کی امید ظاہر کی۔تقریب میں شرکاء کی تواضع کا بھی خصوصی انتظام تھا۔