نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی اور گوتھم ایف سی نے سیئٹل ریئن کے خلاف ہونے والے کوارٹر فائنل میچ کے لیے شہریوں کو 3 ہزار رعایتی ٹکٹ صرف 12 ڈالر میں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میئر آفس کے مطابق یہ ٹکٹ آج کی صبح 10 بجے سے پہلے آیئے، پہلے پایئے کی بنیاد پر جاری کیے جائیں گے، اور نیویارک سٹی کے شہری گوتھم ایف سی کی ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔ گوتھم ایف سی اتوار 8 نومبر کو دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر اسپورٹس السٹریٹڈ اسٹیڈیم میں نیشنل ویمنز ساکر لیگ کے پلے آف کے پہلے مرحلے میں سیئٹل ریئن ایف سی کا مقابلہ کرے گی۔ میئر ممدانی نے کہا کہ کھیل عوام کا ہے، صرف ان کا نہیں جو مہنگے ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔ انتظامیہ اس سے پہلے کوئنز کلاسک کے 15 ڈالر کے ٹکٹ بھی جاری کر چکی ہے، جس میں نیویارک سٹی میں خواتین کے کسی کھیل کی سب سے زیادہ حاضری کا ریکارڈ بنا۔ اس کے علاوہ ورلڈ کپ، یو ایس اوپن، نیویارک سٹی میراتھن اور براڈوے شوز کے لیے بھی مفت اور رعایتی ٹکٹ دیے جا چکے ہیں۔ گوتھم ایف سی نے اس ہفتے کلب کی تاریخ میں پہلی بار این ڈبلیو ایس ایل شیلڈ جیت کر پلے آف میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، جس کے باعث کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل اسی کے ہوم گراؤنڈ پر ہوں گے۔