بی وائی ڈی کی لگژری الیکٹرک لیموزین متعارف، ایک ہزارکلومیٹر رینج اورپانی پر تیرنے کی صلاحیت
چین کی معروف الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی بی وائی ڈی نے لگژری گاڑیوں کی دنیا میں ایک نئی پیش رفت کرتے ہوئے اپنی نئی الیکٹرک لیموزین متعارف کرادی ہے، جو شاہانہ ڈیزائن، جدید ترین ٹیکنالوجی اور طیارے کی بزنس کلاس جیسی سہولیات سے لیس ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ یہ گاڑی پانی پر تیرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔
دی انڈیپینڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق بی وائی ڈی کے لگژری برانڈ یانگ وانگ کی اس نئی گاڑی کا نام آلٹیئر ہے، جسے ابوظہبی میں متعارف کرایا گیا۔ کمپنی کے مطابق اس منفرد گاڑی کی تیاری پر تین سال تک کام کیا گیا ہے۔گاڑی کی لمبائی 5 ہزار 600 ملی میٹر جبکہ چوڑائی 2 ہزار 30 ملی میٹر ہے۔ اس کے ڈیزائن میں قدیم چینی تہذیب اور جدید لگژری اسٹائل کا امتزاج پیش کیا گیا ہے۔
آلٹیئر کا اگلا حصہ قدیم چینی کانسی کے رسمی برتن ڈنگ سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا ہے، جبکہ اس کی بڑی فرنٹ گرِل کو قیمتی زیورات جیسا انداز دیا گیا ہے۔گاڑی کی ایک منفرد خصوصیت اس کی 12 خصوصی لائٹس ہیں، جو مالک کے قریب آنے پر گھومتے ہوئے یکے بعد دیگرے روشن ہوتی ہیں۔اس کے دروازے بھی عام گاڑیوں سے مختلف ہیں۔ پچھلے دروازے پیچھے کی جانب کھلتے ہوئے 90 ڈگری تک پہنچ سکتے ہیں، جبکہ اگلے دروازے 80 ڈگری تک کھلتے ہیں۔ ان میں خصوصی چھتریاں بھی نصب کی گئی ہیں
گاڑی کے اندر چار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، جبکہ پچھلی نشستوں کو خصوصی طور پر شاہانہ آرام کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ان نشستوں میں ٹانگیں پھیلانے کی سہولت، پیچھے جھکنے کا نظام اور مساج فیچر شامل ہیں، جو مسافروں کو طیارے کی بزنس کلاس جیسا تجربہ فراہم کرتے ہیں۔ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی آلٹیئر کسی سے کم نہیں۔ بی وائی ڈی کی نئی بلیڈ بیٹری ٹیکنالوجی کی مدد سے کمپنی نے ایک مرتبہ مکمل چارج ہونے پر 621 میل، یعنی تقریباً ایک ہزار کلومیٹر سے زیادہ سفر کی صلاحیت کا دعویٰ کیا ہے۔اس کے علاوہ گاڑی کی پانی پر تیرنے کی صلاحیت اسے دیگر لگژری الیکٹرک گاڑیوں سے منفرد بناتی ہے۔
کمپنی نے ابھی تک آلٹیئر کی قیمت، صارفین کو فراہمی شروع کرنے کی تاریخ اور برطانیہ سمیت دیگر عالمی مارکیٹوں میں فروخت سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔