ڈیٹرائٹ میں یومِ اقبال اورقائداعظم کی150ویں سالگرہ کےحوالے سےخصوصی تقریب
ڈیٹرائٹ(نیوزڈیسک) امریکی ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی تنظیم اے پی سی اے کے زیرِ اہتمام یومِ اقبال اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 150ویں سالگرہ کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں قونصل جنرل پاکستان شکاگو زمان مہدی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر علامہ اقبال اور قائداعظم کی قومی، فکری اور تاریخی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل زمان مہدی نے کہا کہ علامہ محمد اقبال محض ایک شاعر نہیں بلکہ ایسے عظیم مفکر تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، خود اعتمادی اور قومی تشخص کا شعور بیدار کیا۔انہوں نے کہا کہ اقبال نے مشرق کی علمی و روحانی روایات اور مغرب کے جدید فلسفے سے استفادہ کرتے ہوئے ایسا فکری پیغام دیا جو آج بھی علم، کردار، خود اعتمادی اور مسلسل جدوجہد کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔
قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ اقبال کی شاعری کا بنیادی مقصد نوجوانوں اور قوموں میں تخلیقی صلاحیتوں کو بیدار کرنا اور انہیں روشن مستقبل کی تعمیر کے لیے متحرک کرنا تھا۔قائداعظم محمد علی جناح کی 150ویں سالگرہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اقبال نے مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کا فکری تصور پیش کیا، جبکہ قائداعظم نے اپنی اصول پسندی، آئینی جدوجہد اور سیاسی بصیرت کے ذریعے اس تصور کو حقیقت کا روپ دیا۔تقریب کے دوران علامہ اقبال کی شاعری اور ان کے فکری و ادبی ورثے کو بھی یاد کیا گیا، جبکہ شرکا نے بانیانِ پاکستان کی خدمات اور ان کے افکار کی موجودہ دور میں اہمیت پر اظہارِ خیال کیا۔
تقریب کے اختتام پر قونصل جنرل زمان مہدی نے اے پی سی اے اور ڈیٹرائٹ کی پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک ایسی تقریبات نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ، تہذیب اور بانیانِ پاکستان کے افکار سے جوڑے رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔