vosa.tv
Voice of South Asia!

ٹیکساس: انسانی اسمگلنگ کے دوران 7 افراد کے جاں بحق ہونے کا کیس، 14 ملزمان پر فردِ جرم عائد

0

 امریکی ریاست ٹیکساس میں شپنگ کنٹینر میں دم گھٹنے سے سات تارکینِ وطن کے جاں بحق ہونے کے کیس میں وفاقی گرینڈ جیوری نے 14 افراد پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک 14 سالہ بچہ بھی شامل تھا۔

 محکمہ انصاف کے مطابق ویسٹرن ڈسٹرکٹ آف ٹیکساس کی گرینڈ جیوری نے ترمیم شدہ فردِ جرم میں 14 ملزمان کو نامزد کیا ہے، جن میں سات غیر قانونی تارکینِ وطن، تین غیر شہری اور چار امریکی شہری شامل ہیں۔ الزام ہے کہ یہ گروہ اپریل 2023 سے 12 مئی 2026 تک سرگرم رہا اور تارکینِ وطن کو میکسیکو سے امریکا لا کر مال بردار ٹرینوں کے ذریعے ملک کے اندرونی علاقوں میں منتقل کرتا تھا۔ ہر تارکِ وطن یا اس کے اہلِ خانہ سے 1500 سے 10 ہزار ڈالر وصول کیے جاتے تھے۔ استغاثہ کے مطابق 9 مئی کو سات تارکینِ وطن کو ٹیکساس کے شہر ڈیل ریو میں یونین پیسیفک کی ٹرین کے ایک کنٹینر میں بند کیا گیا، جس میں ہوا یا ٹھنڈک کا کوئی انتظام نہیں تھا اور اسے اندر سے کھولا نہیں جا سکتا تھا۔ اس روز درجہ حرارت 88 سے 92 ڈگری فارن ہائیٹ کے درمیان تھا۔ ٹرین سان انتونیو پہنچی تو اسمگلروں نے کنٹینر کھول کر متاثرین کو مشکل میں دیکھا اور فرار ہو گئے۔ ایک لاش ریلوے ٹریک کے قریب چھوڑ دی گئی، جبکہ باقی چھ کی لاشیں اگلے روز لاریڈو کے ریل یارڈ سے ملیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں چار میکسیکن اور تین ہونڈوراس کے شہری تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.