امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی ملک بدری کی پالیسی ضرورت سے زیادہ سخت تھی اور اس سے انہیں سیاسی نقصان پہنچا۔ انہوں نے غیرقانونی طور پر مقیم بعض تارکینِ وطن کو امریکا میں رہنے کی اجازت دینے کے لیے ڈیموکریٹس سے معاہدے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق سی بی ایس کے پروگرام ’سکسٹی منٹس‘ کو انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایسے افراد جو 10 سے 15 سال سے امریکا میں مقیم ہیں، کام کرتے اور ٹیکس ادا کرتے ہیں، ان کے قیام کے لیے کوئی سمجھوتا کیا جا سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے قتل، زیادتی اور منشیات کے سنگین جرائم میں ملوث افراد کو ملک بدر کرنے کی حمایت کی۔ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ سخت کارروائیوں کے دوران ایسے افراد بھی ملک بدری کی زد میں آئے جن کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں تھا اور وہ امریکا میں ملازمت کر رہے تھے۔ ان کے مطابق اس پالیسی نے انہیں فائدہ بھی پہنچایا اور نقصان بھی۔انہوں نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجوہات میں ایران جنگ اور پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کو بھی شامل کیا، تاہم فوجی کارروائی کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دوبارہ بھی یہی فیصلہ کریں گے۔ معیشت کے حوالے سے ٹرمپ نے تسلیم کیا کہ ان کی حکومت اپنی کارکردگی عوام تک مؤثر انداز میں پہنچانے میں ناکام رہی۔مصنوعی ذہانت کے بارے میں انہوں نے حکومتی حفاظتی ضوابط کی حمایت کا عندیہ دیا، جبکہ 2028 کے صدارتی انتخابات کے لیے ریپبلکن امیدوار کی حمایت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ فی الحال مؤخر رکھا۔