نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے پائلٹ سٹی پروگرام کے تحت 40 سے زائد منصوبوں کے لیے 2 ملین ڈالر کی ابتدائی تحقیقی گرانٹس کا اعلان کیا ہے، جن میں سٹی کے محکمے مقامی جامعات کے محققین کے ساتھ مل کر شہریوں کے روزمرہ مسائل کے سائنسی حل تلاش کریں گے۔
میئر آفس کے مطابق مئی میں منعقدہ پچ فیسٹ میں 100 سے زائد سرکاری ملازمین نے 250 سے زائد ماہرین کے سامنے اپنے منصوبے پیش کیے، جن میں سے 90 منصوبوں کو شراکت دار ملے اور 40 سے زائد ٹیموں کو فنڈنگ دی گئی۔ منتخب منصوبوں میں کرایہ داروں کے تحفظ کے لیے سٹی یونیورسٹی آف نیویارک کے ساتھ مل کر کرایہ دار ہیلپ لائن، ہاؤسنگ کورٹ اور 311 کے ڈیٹا کا تجزیہ شامل ہے، تاکہ بے دخلی اور عمارتوں کی خراب حالت کے رجحانات کی نشاندہی ہو سکے۔ محکمہ ٹرانسپورٹیشن نیویارک یونیورسٹی کے ساتھ بس پرائیرٹی منصوبوں کے مسافروں اور کمیونٹیز پر سماجی و معاشی اثرات کا جائزہ لے گا، جبکہ کولمبیا یونیورسٹی کے ساتھ بینائی سے محروم افراد کے لیے راستوں کی نشاندہی کے حل تلاش کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ محکمہ ڈیزائن اینڈ کنسٹرکشن وینڈربلٹ یونیورسٹی کے ساتھ مل کر مشین لرننگ کے ذریعے سب کنٹریکٹر ریویو کا عمل 60 سے 90 دن سے کم کر کے دو ہفتوں سے بھی کم کرنے پر کام کرے گا۔ میئر ممدانی نے کہا کہ پائلٹ سٹی رینیسانس فلینتھراپی کا پروگرام ہے، جسے الفریڈ پی سلون فاؤنڈیشن، رابن ہڈ، دی چارلس ایچ ریوسن فاؤنڈیشن اور دی ٹاؤ فاؤنڈیشن سمیت مقامی اداروں کی فنڈنگ حاصل ہے۔