امریکا میں انتخابات سے 5 دن قبل ابتدائی ووٹنگ 2022 کے وسط مدتی انتخابات کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ رہی، جہاں اب تک 4 کروڑ 30 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا ووٹ ڈال چکے ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے تجزیے کے مطابق یہ تعداد 2022 کے مقابلے میں تقریباً ایک کروڑ زیادہ ہے، اور خاص طور پر ان ریاستوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا جہاں سینیٹ کے سخت مقابلے ہورہے ہیں۔ ٹیکساس میں بدھ تک 63 لاکھ سے زائد شہری ابتدائی ووٹ دے چکے تھے، جو چار سال قبل اسی مقام پر 42 لاکھ تھے، یعنی 50 فیصد اضافہ۔ جنوبی کیرولائنا میں، ابتدائی ووٹنگ میں 83 فیصد اضافہ ہوا۔ مین، مشی گن، نارتھ کیرولائنا اور کنساس میں بھی چار سال کے مقابلے میں 30 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔ ہیرس کاؤنٹی، ہیوسٹن میں اب تک 8 لاکھ 62 ہزار 700 افراد ووٹ ڈال چکے ہیں، جو 2022 میں 5 لاکھ 64 ہزار 500 تھے۔ ٹیکساس میں ری پبلکن اٹارنی جنرل کین پیکسٹن اور ڈیموکریٹ جیمز تالاریکو کے درمیان سینیٹ کا سخت مقابلہ ہے، جس میں کروڑوں ڈالر خرچ ہوچکے ہیں۔ ان ریاستوں میں جن میں پارٹی وابستگی ظاہر کی گئی ہے، اب تک 68 لاکھ ڈیموکریٹس اور 52 لاکھ ری پبلکنز ووٹ ڈال چکے ہیں، تاہم یہ اعداد و شمار یہ نہیں بتاتے کہ ووٹ کس امیدوار کو ملے۔