vosa.tv
Voice of South Asia!

کیلیفورنیامیں سانس کا وائرس تیزی سے پھیلنےلگا،نایاب صورتوں میں بچوں میں پولیو جیسی اعصابی بیماری کاسبب بن سکتا ہے

0

نیویارک(نیوزڈیسک)امریکی ریاست کیلیفورنیا میں  سانس کا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، جو عام طور پر نزلہ زکام جیسی علامات پیدا کرتا ہے، تاہم انتہائی نایاب صورتوں میں یہ بچوں میں پولیو جیسی اعصابی بیماری کا سبب بن سکتا ہے۔

وائرس کی نگرانی کرنے والے ادارے ویسٹ واٹر اسکین کے مطابق انٹرو وائرس ڈی 68، یعنی ای وی ـڈی 68کے آثار بے ایریا کے مختلف علاقوں کے گندے پانی میں مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ان علاقوں میں پالو آلٹو، ناپا، جنوب مشرقی سان فرانسسکو اور سان رافیل شامل ہیں۔

ای وی ـڈی68 انٹرو وائرسز کے ایک بڑے گروپ کا حصہ ہے اور عام طور پر موسمِ گرما کے اختتام اور خزاں کے آغاز میں اس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔وائرس سے متاثر ہونے والے بیشتر افراد میں علامات نزلہ زکام جیسی ہوسکتی ہیں، جن میں کھانسی، سانس لینے میں دشواری اور سانس لیتے وقت سیٹی جیسی آواز شامل ہے۔

امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن، یعنی سی ڈی سی کےمطابق بعض بچوں میں بخار بھی ہوسکتا ہے، جبکہ سنگین صورتوں میں سانس لینے میں شدید دشواری اور نمونیا جیسی پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔شیر خوار بچوں، کم عمر بچوں اور نوعمروں میں شدید بیماری کا خطرہ نسبتاً زیادہ ہوسکتا ہے، خاص طور پر ان بچوں میں جن کا اس وائرس سے پہلے سامنا نہ ہوا ہو۔ماہرین کے مطابق انتہائی نایاب صورتوں میں ای وی ـڈی 68کا تعلق ایکیوٹ فلیسڈ مائیلائٹس نامی اعصابی بیماری سے بھی ہوسکتا ہے۔

یہ بیماری زیادہ تر بچوں کو متاثر کرتی ہے اور اس کی علامات وائرس کے انفیکشن کے کئی ہفتوں بعد ظاہر ہوسکتی ہیں۔ماہرین والدین کو مشورہ دیتے ہیں کہ اگر بچے کو سانس لینے میں شدید دشواری، اچانک کمزوری یا دیگر غیر معمولی اعصابی علامات ظاہر ہوں تو فوری طبی مدد حاصل کی جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.