نیویارک(نیوزڈیسک) امریکا میں زیرِ تعلیم غیر ملکی طلبہ اورمحققین کو بڑی قانونی کامیابی مل گئی ہے، وفاقی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کی قیام کی مدت مقرر کرنے کی تجویز روک دی ہے۔
امریکی وفاقی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کی غیر ملکی طلبہ، محققین اور صحافیوں کے قیام کی مدت محدود کرنے کی تجویز مسترد کردی ہے۔نیشنل ہیرالڈ انڈیاکے مطابق بوسٹن کے وفاقی جج نے قرار دیا کہ محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے اپنے قانونی اختیارات سے تجاوز کیا اور اس کی مجوزہ پالیسی قانون کے خلاف ہے۔
عدالتی فیصلے کے بعد غیر ملکی طلبہ کے لیے قیام کا سابقہ نظام برقرار رہے گا، جس کے تحت ایف ون ویزا رکھنے والے طلبہ اپنے تعلیمی پروگرام کی مدت تک امریکا میں رہ سکتے ہیں، انہیں چار سال بعد لازمی طور پر ملک چھوڑنے کی پابندی کا سامنا نہیں ہوگا۔حکومتی تجویز کے تحت غیر ملکی طلبہ کے قیام کو چار سال تک محدود کرنے کا منصوبہ تھا، جبکہ صحافیوں کے لیے یہ مدت 240 دن اور چینی صحافیوں کے لیے صرف 90 دن مقرر کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔اس کے علاوہ تعلیم مکمل کرنے یا اختیاری عملی تربیت یعنی او پی ٹی کے بعد امریکا چھوڑنے کے لیے دستیاب مہلت بھی 60 دن سے کم کرکے 30 دن کرنے کی تجویز تھی۔
زبان سیکھنے کے پروگراموں میں شریک طلبہ کے قیام کو مجموعی طور پر 24 ماہ تک محدود کیا جانا تھا۔تعلیمی اور تارکینِ وطن سے متعلق تنظیموں نے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے غیر ملکی طلبہ اور امریکی تعلیمی اداروں کو مستقبل کے حوالے سے یقین دہانی حاصل ہوگی۔یہ فیصلہ ستمبر میں جاری کیے گئے ابتدائی عدالتی حکم کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے ذریعے مجوزہ حکومتی پالیسی پر عارضی پابندی لگائی گئی تھی۔ محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی اس حکم کے خلاف اپیل بھی دائر کرچکا ہے۔