vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں شدید طوفان کا خطرہ، میئر ممدانی کی ٹریول ایڈوائزری جاری

0

 نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے شہر میں شدید طوفان کے پیش نظر جمعہ سے اتوار تک ٹریول ایڈوائزری جاری کردی ہے، جس کے دوران تیز بارش، طوفانی ہوائیں اور ساحلی سیلاب متوقع ہیں۔

 نیشنل ویدر سروس کے مطابق طوفان کا رخ شہر کی جانب مزید بڑھ گیا ہے، اور اب پورے شہر میں 2 سے 3 انچ بارش متوقع ہے، جبکہ ہواؤں کی رفتار 40 سے 50 میل فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، خاص طور پر جمعہ کی شب سے ہفتے کی شب تک۔ حکام کے مطابق جمعہ کی شام اور ہفتے کی صبح سمندری لہروں کے بلند ہونے کے دوران ساحلی سیلاب کا خدشہ ہے، جس سے جنوبی کوئنز، راکاویز، جمیکا بے اور اسٹیٹن آئی لینڈ و بروکلین کے ساحلی علاقے متاثر ہوسکتے ہیں۔ میئر ممدانی نے کہا کہ شہری عملہ نالوں کی صفائی، گرے ہوئے درختوں سے نمٹنے اور ایمرجنسی وسائل کی تیاری میں مصروف ہے، اور شہریوں کو سفر کے دوران اضافی وقت رکھنے، ٹرین، فیری یا پرواز کی صورتحال چیک کرنے اور سیلاب زدہ ساحلی سڑکوں سے دور رہنے کی ہدایت کی۔ حکام کے مطابق ہفتے کے روز شدید ترین بارش متوقع ہے، جہاں بعض مقامات پر مقامی طور پر 4 سے 5 انچ تک بارش ہوسکتی ہے، جبکہ سڑکوں اور زیرزمین گزرگاہوں میں معمولی سیلاب کا امکان ہے۔ ہوا کی وارننگ جمعہ دوپہر 2 بجے سے نافذ ہوگی، جس دوران درختوں، بجلی کی تاروں اور سڑکوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ باہر رکھا سامان محفوظ کریں اور ہمسایوں خصوصاً بزرگ اور معذور افراد کا خیال رکھیں۔ شہر کے ساحل رواں ماہ کے آغاز سے بند ہیں اور لائف گارڈز تعینات نہیں، اس لیے تیراکی کی اجازت نہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.