امریکا بھر میں پاکستانی ڈاکٹروں کا نیشنل ہیلتھ کیئر ڈے
نارتھ امریکا میں پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی تنظیم ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکا کے 32 مقامی چیپٹرز نے19 ستمبر کو شکاگو سمیت امریکا بھر میں نیشنل ہیلتھ کیئر ڈے منایا۔
نیشنل ہیلتھ کیئر ڈے کمیٹی کی چیئر ڈاکٹر عامرہ رحمان کی جانب سے منعقدہ پروگرام کی قیادت تنظیم کے صدر ڈاکٹر بابر راؤ اور ڈاکٹر عامرہ رحمان نے کی۔ اس موقع پر تمام 32 مقامی چیپٹرز نے بیک وقت مختلف کمیونٹیز میں مفت طبی اسکریننگ اور صحت سے متعلق آگاہی کا اہتمام کیا۔مفت طبی سہولیات میں بلڈ پریشر، بلڈ شوگر، کولیسٹرول، جسمانی وزن اور بینائی کی جانچ شامل تھی، جبکہ متعدد مراکز پر دانتوں کے معائنے، حفظانِ صحت کی کٹس، فلو ویکسین اور طبی مشاورت بھی فراہم کی گئی۔شکاگو میں مقامی چرچ میں منعقدہ پروگرام میں پاکستانی معالجین نے مختلف طبی میزیں قائم کرکے شہریوں کو جگر اور گردوں کے افعال کی جانچ، بلڈ پریشر اور بینائی کی اسکریننگ سمیت فلو ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی۔ بڑی تعداد میں شہریوں نے مفت طبی خدمات سے استفادہ کیا۔طبی ٹیموں میں شکاگو کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی رجسٹرڈ نرسیں، طبی و تحقیقی معاونین، پاکستانی کمیونٹی ہیلتھ ورکرز اور دیگر رضاکار شامل تھے۔ مقامی غیر منافع بخش تنظیموں اور مفت طبی مراکز نے بھی پروگرام کیلئے تعاون فراہم کیا۔تنظیم کے صدر ڈاکٹر بابر راؤ نے آن لائن خطاب کرتے ہوئے نیشنل ہیلتھ کیئر ڈے میں شریک ڈاکٹروں اور رضاکاروں کی کمیونٹی کیلئے خدمات کو سراہا۔ تقریب میں ڈاکٹر شاہد احسن، ڈاکٹر طارق حمید، ڈاکٹر ساجدہ آرائیں سمیت متعدد پاکستانی معالجین نے شرکت کی۔