vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک ٹیکسی ڈرائیورز کے لیے بڑی خوشخبری؟ پارکنگ کے قانون میں اہم تبدیلی

0

نیویارک (نیوزڈیسک)سٹی میں ٹیکسی ڈرائیورز کو درپیش پارکنگ کے مسئلے کے حل کے لیے ایک اہم تجویز سامنے آگئی ہے۔شہر کے محکمہ ٹرانسپورٹیشن نے تجویز دی ہے کہ یلو کیب ڈرائیورز کو کمرشل پارکنگ میٹرز پر فیس ادا کرکے تین گھنٹے تک قانونی طور پر گاڑی پارک کرنے کی اجازت دی جائے۔

نیویارک میں ٹیکسی ڈرائیورز کے لیے بڑی پارکنگ تبدیلی کی تجویز سامنے آئی ہے۔ یہ تبدیلی ٹیکسی ڈرائیورز کے لیے خاصی اہم ثابت ہوسکتی ہے، کیونکہ موجودہ قوانین کے تحت یلو کیب ڈرائیورز کمرشل پارکنگ کی مخصوص جگہوں پر گاڑی پارک نہیں کرسکتے۔ خلاف ورزی کی صورت میں انہیں بھاری جرمانے یا ٹکٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ڈرائیورز کا مؤقف ہے کہ نیویارک میں ٹیکسی ڈرائیورز کے لیے آرام کرنے، وقفہ لینے یا گاڑی عارضی طور پر کھڑی کرنے کی جگہیں پہلے ہی انتہائی محدود ہیں۔کئی مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ مفت ٹیکسی ریلیف اسپاٹ دستیاب نہیں ہوتا، اور ڈرائیوروں کو مجبوراً ایسی جگہ گاڑی روکنی پڑتی ہے جہاں پارکنگ کی اجازت نہیں ہوتی۔ نتیجہ؟ ٹکٹ اور جرمانہ۔اب ذرا اعداد و شمار پر نظر ڈالیں۔نیویارک کے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ میں ٹیکسیوں کے لیے صرف 55 ریلیف اسٹینڈز موجود ہیں، جہاں تقریباً 300 پارکنگ اسپیسز دستیاب ہیں۔لیکن اسی علاقے میں کمرشل پارکنگ میٹرز کی تعداد تقریباً 13 ہزار ہے۔

یعنی ایک طرف ٹیکسی ڈرائیورز کے لیے محدود پارکنگ، اور دوسری طرف ہزاروں کمرشل میٹرز۔حکام کے مطابق یہ تجویز سٹی کونسل کے ایک موجودہ پائلٹ پروگرام کو وسعت دینے کی کوشش ہے، جس کے تحت فار ہائر وہیکلز کو پہلے ہی کمرشل میٹرز پر پارکنگ کی اجازت دی جا رہی ہے۔تاہم ٹیکسی ڈرائیورز کے لیے اصل سوال یہ ہے کہ تین گھنٹے کی پارکنگ کے لیے فی گھنٹہ کتنی فیس وصول کی جائے گی؟ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ نئی سہولت تب ہی واقعی فائدہ مند ہوگی جب پارکنگ فیس ان کی آمدنی کے مقابلے میں قابلِ برداشت رکھی جائے گی۔

اگر محکمہ ٹرانسپورٹیشن اس تجویز کی منظوری دیتا ہے تو اس کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ ٹیکسیوں کے لیے کمرشل پارکنگ میٹرز استعمال کرنے کی سہولت کب سے شروع ہوگی۔مجوزہ پروگرام جولائی 2028 تک جاری رکھنے کی تجویز ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.