vosa.tv
Voice of South Asia!

پاکستان امریکا، ایران تنازع کے حل کیلئے کوشاں، امن عمل سے مایوس نہیں، دفتر خارجہ

0

پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع کے حل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد امن عمل سے مایوس نہیں ہوا اور فریقین کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مسلح حملوں اور جوابی کارروائیوں کے باعث موجودہ صورتحال تشویشناک اور ناپسندیدہ ہے، پاکستان کشیدگی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امن عمل سے مایوسی کا اظہار نہیں کیا اور نہ ہی موجودہ صورتحال کو ثالثی کی کوششوں کی ناکامی قرار دیا جاسکتا ہے، کیونکہ امن کے لیے فریم ورک اب بھی موجود ہے۔ پاکستان پرامید ہے کہ دونوں فریق بالآخر مذاکرات کی میز پر واپس آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایم او یو کے مردہ ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پاکستان تنازع کے حل اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ثالثی عدالت کا فیصلہ مسترد کرنا معاہدے کے تحت اس کی ذمہ داریوں کو ختم نہیں کرسکتا۔ بھارت کو سندھ طاس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی جانب واپس آنا ہوگا اور بین الاقوامی قانون و معاہدوں کی پاسداری یقینی بنانا ہوگی۔طاہر حسین اندرابی کے مطابق بھارت کا یکطرفہ طرز عمل عالمی تنازعات کے طے شدہ نظام پر اعتماد کو نقصان پہنچاتا ہے، جبکہ جنوبی ایشیا جیسے حساس خطے میں سرحد پار پانی کے معاملات میں یکطرفہ اقدامات امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں۔کشمیری رہنما یاسین ملک کے خلاف مقدمے اور سزا پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس کارروائی کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے، یہ انصاف کے بنیادی تقاضوں کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان یاسین ملک کا معاملہ عالمی اور کثیرالجہتی فورمز پر اٹھاتا رہے گا اور عالمی برادری سے مطالبہ کرے گا کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لے۔ترجمان دفتر خارجہ نے یاسین ملک کی صحت اور درازیٔ عمر کے لیے بھی دعا کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.