بولنگ بروک میں 35ویں پاکستانی پرچم کشائی تقریب، 15 ہزار سے زائد افراد کی شرکت
ایسوسی ایشن آف پاکستانی امریکنز بولنگ بروک نے پاکستان کی 79ویں یوم آزادی کی مناسبت سے 35ویں سالانہ پرچم کشائی اور ٹیسٹ آف پاکستان تقریب منعقد کی۔ جس میں 15 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور شام 6:30 بجے پاکستان کے قونصل جنرل زمان مہدی، میئر میری الیگزینڈر باسٹا اور اے پی اے کے بانی طلعت رشید نے مشترکہ طور پر پاکستانی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر امریکی اور پاکستانی قومی ترانے گائے گئے۔قونصل جنرل نے اپنے خطاب میں بولنگ بروک کمیونٹی کو 35 سال سے یہ روایت برقرار رکھنے پر سراہا اور پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں ریاست الینوائے کے گورنر کے نمائندے، ریاستی عہدیداروں کے نمائندے اور مقامی سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ پولیس آفیسر جانسن، صحافی رانا جاوید اور دیگر نے ایوارڈز وصول کیے۔ گلوکار احمد جہانزیب نے بولنگ بروک کی 35 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ شائقین کو اپنی طرف متوجہ کیا جبکہ مقامی گلوکارہ فرح سلام نے بھی پرفارم کیا۔ تقریب میں پاکستانی کھانوں، روایتی ملبوسات اور ثقافتی اسٹالز کا بھی اہتمام تھا۔