نیویارک کے علاقے اپر ویسٹ سائیڈ میں کھیل کے میدان کے قریب قائم بے گھر خواتین کے شیلٹر پر والدین اور مقامی رہائشیوں نے سکیورٹی خدشات کا اظہار کیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی 7 کے مطابق مئی میں ویسٹ 59ویں اسٹریٹ اور ایمسٹرڈیم ایونیو کے قریب 200 بستروں پر مشتمل شیلٹر قائم کیا گیا تھا، جو اکیلی خواتین کے لیے بنایا گیا ہے۔مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ شیلٹر کے قیام کے بعد گیرٹروڈ ایڈرلے پلے گراؤنڈ کے اطراف منشیات کے استعمال، شراب نوشی، عوامی مقامات پر پیشاب کرنے، کچرا اور سرنجیں پھینکنے سمیت مختلف مسائل دیکھنے میں آئے ہیں۔نیویارک کے محکمہ سوشل سروسز کے مطابق شیلٹر میں ماہرین، کیس مینیجرز اور دیگر عملہ موجود ہے، جبکہ اضافی سہولیات کے لیے ایک کلینک بھی قائم کیا جارہا ہے۔حکام نے شہریوں کے خدشات دور کرنے کے لیے کمیونٹی ایڈوائزری بورڈ بھی قائم کیا ہے۔ دوسری جانب مقامی والدین کا کہنا ہے کہ وہ بے گھر افراد کے لیے خدمات کے مخالف نہیں، تاہم ان کے خیال میں کھیل کے میدان اور اسکولوں کے قریب اتنی بڑی گنجائش والا شیلٹر بچوں اور اہلِ علاقہ کے لیے مسائل پیدا کرسکتا ہے۔