vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا: مزید ممالک کے شہریوں پر ویزا بانڈ عائد کیے جانے کا امکان

0

امریکا میں ویزا بانڈ پروگرام کو مزید ان ممالک تک توسیع دینے پر غور کیے جانے کا امکان ہے جن کے شہریوں کو امریکا سفر کے لیے ویزا درکار ہوتا ہے۔

ویزا بانڈ پروگرام اس وقت 50 ممالک کے شہریوں پر لاگو ہے اور بعض درخواست گزاروں سے ویزا جاری ہونے سے قبل 10 ہزار، 15 ہزار یا 20 ہزار ڈالر کا بانڈ طلب کیا جاسکتا ہے۔امریکی ٹریول انڈسٹری کی نمائندہ تنظیم یو ایس ٹریول ایسوسی ایشن کے سربراہ جیف فری مین نے رائٹرز کو بتایا کہ انہیں پروگرام کو مزید ممالک تک پھیلانے کے حوالے سے اشارے ملے ہیں۔ تاہم امریکی محکمہ خارجہ نے ابھی تک توسیع کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔موجودہ قواعد کے تحت محکمہ خارجہ نئی ریاستوں کو پروگرام میں شامل کرسکتا ہے، تاہم کسی ملک کے شہریوں پر بانڈ لاگو کرنے سے کم از کم 15 دن پہلے اس کا اعلان کرنا ضروری ہوگا۔حکام کسی ملک کو شامل کرنے کے لیے ویزا اوور اسٹے کی شرح، معلومات کے تبادلے، شناخت اور سکیورٹی جانچ کے نظام سمیت مختلف عوامل کو مدنظر رکھ سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق پروگرام کے تحت متاثرہ ممالک میں الجزائر، بنگلہ دیش، کمبوڈیا، جارجیا، نیپال، نائیجیریا، تیونس اور وینزویلا سمیت 50 ممالک شامل ہیں۔محکمہ خارجہ کے اعداد و شمار کے مطابق پروگرام کے پہلے 10 ماہ کے دوران متاثرہ ممالک سے ویزا جاری ہونے کی شرح میں 83 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اسی عرصے میں ویزا اوور اسٹے کے واقعات میں بھی نمایاں کمی آئی۔ویزا بانڈ پروگرام ان ممالک کے شہریوں پر لاگو نہیں ہوتا جو امریکی ویزا ویور پروگرام میں شامل ہیں، اس لیے فرانس، بیلجیم اور سوئٹزرلینڈ سمیت ایسے ممالک کے شہری فی الحال اس پابندی سے متاثر نہیں ہوں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.