امریکی محکمہ انصاف نے واشنگٹن ریاست کی ایک پالتو جانوروں کی خوراک بنانے والی کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے، جس میں آلودہ خوراک کی تیاری اور فروخت روکنے کے لیے مستقل عدالتی حکم کی درخواست کی گئی ہے۔
محکمہ انصاف کے مطابق کمپنی ایرو ریلائنس انکارپوریٹڈ، جو ڈارونز نیچرل پیٹ پروڈکٹس کے نام سے بھی کاروبار کرتی ہے، نے خوراک کی تیاری کے حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کی۔ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے معائنے میں 2017 سے 2025 کے دوران کمپنی کی مصنوعات میں سالمونیلا، لیسٹیریا اور ای کولی سمیت نقصان دہ بیکٹیریا پائے گئے۔حکام کے مطابق کمپنی کی خوراک سے انسانوں اور پالتو جانوروں کے بیمار ہونے کی شکایات بھی سامنے آئیں، جبکہ 2024 میں ایک چار سالہ بچے میں سنگین انفیکشن کی نشاندہی ہوئی اور خاندان کے پاس موجود کمپنی کی خوراک کے نمونے میں سالمونیلا اور ای کولی پائے گئے۔امریکی حکومت نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ کمپنی کو صفائی کے انتظامات بہتر بنانے، حفاظتی قوانین پر عمل کرنے اور ان اقدامات کی تکمیل تک مزید پالتو جانوروں کی خوراک تیار یا فروخت کرنے سے روکا جائے۔