امریکا میں مقیم ایک میکسیکن شہری نے منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی 1.9 ملین ڈالر سے زائد رقم کی منی لانڈرنگ کے الزام میں جرم قبول کر لیا۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 60 سالہ ڈینیئل گورڈیانو ویلنزویلا منشیات فروشوں کی غیرقانونی آمدن کو چھپانے والے نیٹ ورک کا اہم رکن تھا۔ اس نے امریکا میں منشیات سے حاصل ہونے والی رقم اکٹھی کروا کر اسے کرپٹو کرنسی اور وائر ٹرانسفر کے ذریعے میکسیکو منتقل کیا، جبکہ ہر کامیاب لین دین پر کمیشن بھی وصول کرتا تھا۔عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزم نے تقریباً 1.9 ملین ڈالر کی منی لانڈرنگ کا انتظام کیا۔ڈینیئل گورڈیانو ویلنزویلا نے عدالت میں منی لانڈرنگ کی سازش کے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ سزا کا اعلان 19 نومبر کو کیا جائے گا، جبکہ جرم ثابت ہونے پر اسے 20 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔