نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے گھروں سے چلنے والے لائسنس یافتہ چائلڈ کیئر مراکز کے لیے 3 ملین ڈالر کے ہنگامی مائیکرو گرانٹ فنڈ کا اعلان کر دیا۔
میئر کے مطابق اس پروگرام کے تحت ایسے چائلڈ کیئر فراہم کنندگان کو مالی امداد دی جائے گی جو اچانک پیش آنے والے ہنگامی حالات، جیسے گھر کو نقصان، پائپ پھٹنے یا ضروری سامان خراب ہونے کے باعث اپنی خدمات بند کرنے کے خطرے سے دوچار ہوں۔حکام کا کہنا ہے کہ 500 سے زائد لائسنس یافتہ ہوم بیسڈ چائلڈ کیئر فراہم کنندگان ایک ہزار سے دس ہزار ڈالر تک کی گرانٹ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔نیویارک سٹی انتظامیہ نے فنڈ کے انتظام کے لیے ادارے کے انتخاب کی غرض سے ریکویسٹ فار پروپوزلز بھی جاری کر دی ہے، جبکہ منصوبے کو 2026 کے اختتام سے پہلے شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔شہری انتظامیہ کے مطابق یہ پروگرام شہر میں بچوں کی نگہداشت کے نظام کو مزید مستحکم بنانے اور کام کرنے والے والدین کو بہتر سہولت فراہم کرنے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے۔