vosa.tv
Voice of South Asia!

اسحاق ڈار کی نیویارک میں اہم ملاقاتیں، اقوام متحدہ اور دوست ممالک سے تعاون بڑھانے پر اتفاق

0

نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر ڈاکٹر خلیل الرحمان سمیت سنگاپور اور بحرین کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ڈاکٹر خلیل الرحمان سے ملاقات میں اسحاق ڈار نے انہیں جنرل اسمبلی کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون اور تعمیری روابط کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں جانب سے کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے مرکزی کردار سے وابستگی کا اعادہ کیا گیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویویان بالاکرشنن سے ملاقات میں پاکستان اور سنگاپور کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ سنگاپور کے وزیر خارجہ نے علاقائی چیلنجز کے حل کے لیے پاکستان کی مذاکرات اور سفارت کاری کی کوششوں کو سراہا۔بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور آئندہ ہونے والے مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی تیاریوں پر گفتگو ہوئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ و کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقاتوں میں پاکستان کے مختلف ممالک اور اقوام متحدہ کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، باہمی تعاون بڑھانے اور علاقائی و عالمی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.