اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے اپنی عالمی ڈیجیٹل فنڈ ریزنگ پلیٹ فارم کے لیے ریموٹ پراجیکٹ پروڈکٹ مینیجر کنسلٹنٹ کی 12 ماہ کی اسامی کا اعلان کر دیا ہے۔
اسامی کا انتظامی مرکز اٹلی کا شہر روم ہوگا، تاہم منتخب امیدوار زیادہ تر کام گھر سے انجام دے سکے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر محدود سفری ذمہ داریاں بھی ہوں گی۔یونیسیف کے مطابق یہ کنسلٹنٹ عالمی سطح پر استعمال ہونے والے جدید ڈیجیٹل فنڈ ریزنگ پلیٹ فارم کی منصوبہ بندی، نفاذ اور بہتری میں مرکزی کردار ادا کرے گا، جس کا مقصد مختلف ممالک میں عطیات جمع کرنے کے نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنانا ہے۔اس عہدے کے لیے مارکیٹنگ، کمپیوٹر سائنس، انجینئرنگ، ٹیکنالوجی یا متعلقہ شعبے میں اعلیٰ تعلیمی ڈگری اور کم از کم پانچ سال کا ڈیجیٹل پروڈکٹ یا پراجیکٹ مینجمنٹ کا تجربہ درکار ہے۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، ای کامرس، مواد کے انتظامی نظام اور بین الاقوامی منصوبوں پر کام کرنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔یونیسیف کے مطابق امیدواروں کو انگریزی زبان پر مکمل عبور ہونا ضروری ہے، جبکہ ہسپانوی سمیت دیگر اقوام متحدہ کی سرکاری زبانوں کا علم اضافی اہلیت تصور کیا جائے گا۔دلچسپی رکھنے والے امیدوار 15 جولائی 2026 تک اپنی درخواست، تازہ ترین سی وی، کور لیٹر اور مالیاتی تجویز مقررہ طریقہ کار کے مطابق جمع کرا سکتے ہیں۔