نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے صارفین کے تحفظ کے لیے نئے قوانین کا اعلان کیا ہے، جن کے تحت خفیہ اضافی فیسیں وصول کرنے اور سبسکرپشن ختم کرنے کے عمل کو جان بوجھ کر پیچیدہ بنانے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
میئر کے مطابق نئے "کلک ٹو کینسل” قانون کے تحت جس آسانی سے کوئی صارف آن لائن کسی سروس یا رکنیت کے لیے رجسٹر ہوگا، اسی آسانی سے وہ ایک کلک کے ذریعے اسے ختم بھی کر سکے گا۔اس کے علاوہ مجوزہ قواعد کے تحت کاروباری اداروں کو اشیا اور خدمات کی مکمل قیمت پہلے ہی ظاہر کرنا ہوگی، تاکہ خریداری کے آخری مرحلے پر خفیہ فیسیں یا لازمی اضافی چارجز وصول نہ کیے جا سکیں۔حکام کا کہنا ہے کہ نئے قوانین کا مقصد صارفین کو غیر ضروری مالی بوجھ سے بچانا اور کاروباری اداروں کو قیمتوں کے حوالے سے شفافیت کا پابند بنانا ہے۔شہری انتظامیہ کے مطابق "کلک ٹو کینسل” قانون یکم اکتوبر 2026 سے نافذ ہوگا، جبکہ خفیہ فیسوں سے متعلق مجوزہ قواعد پر عوامی مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔حکام کا دعویٰ ہے کہ صرف سبسکرپشن کی آسان منسوخی سے ہی نیویارک کے شہری سالانہ کروڑوں ڈالر کی بچت کر سکیں گے، جبکہ نئے قوانین ملک بھر میں اپنی نوعیت کے پہلے بلدیاتی ضوابط شمار کیے جا رہے ہیں۔