امریکا میں فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے ٹیلی کمیونیکیشن نظام میں خرابی کے باعث ملک بھر میں تمام پروازیں روک دیں، جس سے نیویارک کے ہوائی اڈوں پر ہزاروں مسافر پھنس گئے۔ ساڑھے چار گھنٹے سے زائد کے بعد 8 بجے کے بعد گراؤنڈ اسٹاپ ختم کر دیا گیا۔
ایف اے اے کے مطابق یہ فیصلہ غیر معمولی حالات اور حفاظتی وجوہات کی بنا پر کیا گیا۔ لاگارڈیا ایئرپورٹ پر پائلٹس کو ہدایت دی گئی کہ زمین پر موجود طیارے فوراً گیٹ پر واپس آ جائیں۔ نیوارک اور جے ایف کے پر بھی مسافر پروازیں منسوخ ہونے کے بعد پریشان نظر آئے، بعض نے مہنگی رائیڈ شیئر سروسز استعمال کیں جبکہ کچھ رات گزارنے کے لیے ہوٹل ڈھونڈتے رہے۔ جے ایف کے پر ایک مسافر کو ڈھائی گھنٹے تک ٹارمیک پر انتظار کرنا پڑا۔ پروازیں بحال ہونے کے بعد بھی ایئرلائنز کو اپنے آپریشنز معمول پر لانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ جنوری 2023 کے بعد پہلا ملک گیر گراؤنڈ اسٹاپ ہے۔