نیویارک:اکناریلیف کے ریجنل ڈائریکٹر ارشد جمال کو عالمی انسانی خدمت ایوارڈ سے نواز دیا گیا
اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں انسانی خدمت، سماجی بہبود اور کمیونٹی ویلفیئر کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں اکنا ریلیف کے نارتھ ایسٹ ریجنل ڈائریکٹر ارشد جمال کو گلوبل ہیومینیٹیرین لیڈرشپ اینڈ کمیونٹی سروس ایوارڈسے نوازا گیا۔
اکناریلیف کے ریجنل ڈائریکٹر ارشد جمال کو امریکہ بھر میں انسانی خدمت، کمیونٹی ویلفیئر، سماجی بہبود اور ضرورت مند افراد کی بلاامتیاز مدد کے اعتراف میں اس عالمی اعزاز سے نوازا گیا۔تقریب کا اہتمام 1000 Shades of Women Foundation International نے اقوامِ متحدہ میں جمہوریہ گیمبیا کے مستقل مشن کے اشتراک سے کیا۔ اس موقع پر سفارتی شخصیات، سماجی رہنما، مختلف کمیونٹیز کے نمائندے اور فلاحی اداروں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اپنے خطاب میں ارشد جمال نے کہا کہ یہ اعزاز صرف ان کا نہیں بلکہ اکنا ریلیف کی پوری ٹیم اور ان ہزاروں رضاکاروں کا ہے جو رنگ، نسل، مذہب اور قومیت سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ اکنا ریلیف امریکہ بھر میں قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں، کم آمدنی والے افراد، خواتین، بچوں، بزرگوں اور بے گھر افراد کی مدد کے لیے مختلف فلاحی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جبکہ ادارے کی سرگرمیوں میں خواتین بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔تقریب کے منتظمین نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرے میں امید، اتحاد اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینے والے افراد اور اداروں کی خدمات کو سراہنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تقریب کے اختتام پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی متعدد شخصیات کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔