ریاض میں پاکستان ایگزیکٹو فورم کا ساتواں بزنس میٹ اپ
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان ایگزیکٹو فورم کے زیرِ اہتمام ساتواں بزنس نیٹ ورک میٹ اپ منعقد ہوا جس میں مختلف پاکستانی انویسٹر فورمز نے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
تقریب میں سفارت خانہ پاکستان کے حکام، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کے اتحاد سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے پاکستان میں کاروبار، روزگار اور معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔سعودی عرب میں موجود پاکستانی کمپنیوں کے نمائندوں اور سرمایہ کاروں نے پاکستان کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ مقررین نے زور دیا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنی صلاحیتوں اور سرمایہ کاری کے ذریعے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور ایسے پلیٹ فارمز پاکستانی سرمایہ کاروں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں اور امید ظاہر کی گئی کہ یہ معاہدہ مستقبل میں پاکستان کے لیے مثبت نتائج لے کر آئے گا۔