ریاض: مینگو فیسٹیول، پاکستانی آموں کی مختلف اقسام نے سب کو دیوانہ کر دیا
سعودی دارالحکومت ریاض میں سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں چونسہ، انور رٹول، سندھڑی، لنگڑا اور دسہری سمیت پاکستانی آموں کی متعدد اقسام پیش کی گئیں اور پاکستانی و سعودی شہریوں سمیت دیگر غیر ملکیوں نے بھرپور لطف اٹھایا۔
مقامی شاپنگ مال میں منعقد اس فیسٹیول کا افتتاح پاکستانی سفیر احمد فاروق نے کیا۔ اس موقع پر پھلوں کے سردار آم کی مختلف اقسام خوبصورت انداز میں سجائی گئی تھیں جنہیں دیکھنے اور چکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ آئے۔سفیر پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی آم کی بڑی مارکیٹ ہے اور یہ سعودی شہریوں سمیت دیگر غیر ملکیوں میں بھی انتہائی مقبول ہے۔ فیسٹیول میں شریک پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی تمام مارکیٹوں میں پاکستانی آموں کی خوشبو بکھری ہوئی ہے اور اس طرح کے فیسٹیول سے جہاں آم کی برآمدات میں اضافہ ہوتا ہے وہیں پاکستانی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔