کونی آئی لینڈ ایونیو پر پاکستانی کمیونٹی نے امریکا کا 250واں یومِ آزادی منایا
امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کے موقع پر نیو یارک میں بروکلین کے معروف علاقے لٹل پاکستان، کونی آئی لینڈ ایونیو پر پاکستانی امریکن کمیونٹی نے جشنِ آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا، تقریب کے منتظمین راجہ آزاد گل، ظفر اقبال اور کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن کے سربراہ محمد رضوی تھے۔
بروکلین کے معروف علاقے لٹل پاکستان، کونی آئی لینڈ ایونیو پر پاکستانی کمیونٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی امریکی یومِ آزادی کی 250ویں سالگرہ کی تقریب کا آغاز نیو یارک پولیس کےمسلم چیپلن امام طاہرکی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعد ازاں ملک میں ترقی و استحکام کے لئے دعا بھی کی گئی۔ تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکاء نے امریکی پرچم لہرا کر امریکہ کے 250 سالہ سفر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر تقریب کے منتظمین راجہ آزاد گل اور ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ ایونٹ کا مقصد نہ صرف یومِ آزادی کی خوشیاں منانا ہے بلکہ پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانا بھی تھا۔تقریب میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ بروکلین ساؤتھ کے کمانڈنگ چیف سمیت متعدد اعلیٰ پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔پولیس حکام نے کمیونٹی کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور امن، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں ان کے کردار کو سراہا۔اس موقع پر نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کی جانب سے کمیونٹی اور پولیس کے درمیان تعاون، عوامی خدمت اور سماجی سرگرمیوں میں نمایاں کردار ادا کرنے والے افراد کو تعریفی اسناد سے بھی نوازا گیا۔اس موقع پر کمیونٹی کے دیگر افراد نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس کمیونٹی میں اتحاد، مثبت سرگرمیوں اور باہمی احترام کو فروغ دیتے ہیں۔اس موقع پر مہمانوں کی تواضع کے لئےپر باربی کیو کا خصوصی اہتمام کیا گیا، تقریب کے اختتام پر شرکاء نے امریکہ کی ترقی، امن و خوشحالی کے لیے دعا کی اور پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد کے عزم کا اعادہ کیا۔ راجہ آزاد گل اور ظفر اقبال نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ کمیونٹی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔