نیویارک شہر مسلسل تیسرے روز شدید گرمی کی لہر کی زد میں ہے، جہاں درجہ حرارت 100 ڈگری فارن ہائیٹ تک پہنچ گیا جبکہ محسوس ہونے والا درجہ حرارت 105 سے 115 ڈگری فارن ہائیٹ کے درمیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے 4 جولائی تک شدید گرمی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔حکام کے مطابق جمعرات کو 1966 کے بعد پہلی بار 3 جولائی کے دن 100 ڈگری فارن ہائیٹ کا تاریخی ریکارڈ برابر ہوگیا۔ جمعہ اور ہفتے کو بھی درجہ حرارت 90 ڈگری سے اوپر رہنے کا امکان ہے، جبکہ شام کے اوقات میں بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز آندھی بھی آ سکتی ہے، جس سے یومِ آزادی کی آتش بازی کی تقریبات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔شدید گرمی کے باعث بجلی کے نظام پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔ حکام کے مطابق گرڈ پر اضافی بوجھ کے باعث ہزاروں صارفین بجلی سے محروم ہوئے، تاہم 60 ہزار سے زائد صارفین کی بجلی بحال کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب گرمی سے متاثرہ افراد کی ایمرجنسی روم میں آمد بھی بڑھ رہی ہے، جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے پانچوں بورو میں سینکڑوں کولنگ سینٹرز فعال کر دیے گئے ہیں۔