نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی اور پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے 4 جولائی کی تقریبات، فیفا ورلڈ کپ اور دیگر بڑے عوامی اجتماعات کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کا اعلان کر دیا ہے۔
میئر نے کہا کہ شہر میں ہونے والی تقریبات کے دوران شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن احتیاطی اقدام کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق 3 اور 4 جولائی کو دنیا کے مختلف ممالک کے بحری جہازوں کی سب سے بڑی پریڈ دیکھنے کے لیے لاکھوں افراد کی آمد متوقع ہے۔ تمام شرکا کو مخصوص داخلی راستوں پر سکیورٹی چیکنگ سے گزرنا ہوگا، جبکہ بیگ، آئس باکس، چھتریاں اور ڈرون لانے پر پابندی ہوگی۔ ہفتہ کی شب آتش بازی کی تقریب کے لیے بھی یہی سکیورٹی اقدامات نافذ ہوں گے۔پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے کہا کہ اگرچہ اس وقت کسی مخصوص یا قابلِ اعتبار خطرے کی اطلاع نہیں، تاہم شہر میں ہائی الرٹ برقرار ہے۔ نیویارک پولیس کے اہلکار 12 گھنٹے کی ڈیوٹیاں انجام دیں گے، جبکہ 13 جون سے اب تک فیفا ورلڈ کپ کے دوران پولیس اور ایف بی آئی نے 97 غیر مجاز ڈرونز کو روک لیا ہے۔