یکم جولائی سے نیو جرسی ٹرانزٹ کے ٹرین، بس اور لائٹ ریل کرایوں میں سالانہ 3 فیصد اضافہ نافذ کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ اضافہ دو سال قبل منظور کیے گئے خودکار منصوبے کے تحت کیا گیا، تاہم مسافروں نے حالیہ مسلسل تاخیر اور سروس کی خرابیوں کے باعث اس فیصلے پر شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔منگل کے روز پین اسٹیشن پر سگنل اور اوورہیڈ تاروں میں خرابی کے باعث متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جس سے کئی مسافر گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور رہے۔ تاہم ٹرانزٹ حکام کا کہنا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ کے لیے خصوصی ٹرانسپورٹ سروس ان مسائل سے متاثر نہیں ہوئی۔ادارے کو بجٹ خسارے کا بھی سامنا ہے، جبکہ ورلڈ کپ میچوں کے لیے متوقع 40 ہزار روزانہ مسافروں کے مقابلے میں اوسطاً صرف 20 سے 26 ہزار افراد نے سروس استعمال کی۔ حکام کے مطابق بدھ کے روز ٹرین سروس معمول کے مطابق چل رہی تھی، تاہم تمام مسافروں پر نئے کرایے لاگو ہو چکے ہیں۔