نیویارک کی گورنر نے ریاست بھر کے شہریوں کو رواں ہفتے متوقع شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل کئی دن تک درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے، جس سے صحت کے مسائل میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اندرونی علاقوں میں منگل سے درجہ حرارت 90 ڈگری فارن ہائیٹ سے تجاوز کرنا شروع ہو جائے گا، جبکہ بدھ اور جمعرات کو گرمی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔ماہرین کے مطابق بدھ کو شدید گرمی کے ساتھ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے، تاہم جمعرات کو ہفتے کا گرم ترین دن ثابت ہو سکتا ہے، جب درجہ حرارت وسط 90 ڈگری فارن ہائیٹ یا اس سے بھی زیادہ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اگر مسلسل کئی روز تک درجہ حرارت 90 ڈگری یا اس سے اوپر رہا تو نیویارک میں رواں سال کی پہلی سرکاری ہیٹ ویو ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔گورنر ہوکل نے کہا کہ شدید گرمی کے اثرات وقت کے ساتھ بڑھتے جاتے ہیں، اس لیے شہری پانی زیادہ پئیں، اپنے بزرگ اور بیمار پڑوسیوں کی خبرگیری کریں اور بجلی کے استعمال میں احتیاط برتیں۔ انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ شدید گرمی میں شیر خوار بچوں کو سٹرولر میں باہر لے جانے سے گریز کریں۔