vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا اور ایران کا ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق 

0

امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق امریکا اور ایران نے ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق کر لیا ہے اور دونوں ممالک منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں آبنائے ہرمز تنازع کے حل کے لیے ملاقات کریں گے۔

جنگ بندی کو ابھی صرف 11 دن ہوئے ہیں لیکن یہ غیر یقینی صورت حال کا شکار ہو گئی۔ دونوں جانب سے دوبارہ حملے ہوئے اور صدر ٹرمپ نے جنگ دوبارہ شروع کر کے کام مکمل کرنے کی دھمکی بھی دی۔ یہ کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب جنگ بندی کی مفاہمتی یادداشت کی خصوصاً آبنائے ہرمز سے متعلق شقوں کی دونوں ممالک نے مختلف تشریحات کیں۔ایک سینئر امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ہم نے تمام عسکری کارروائیاں روکنے کا فیصلہ کیا ہے اور فی الحال بحری جہاز آزادانہ طور پر آمدورفت کر سکیں گے جبکہ تکنیکی مذاکرات جاری رہیں گے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کا وعدہ کیا تھا جبکہ امریکا نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم کر دی تھی۔گزشتہ ہفتے سوئٹزرلینڈ میں نائب صدر جے ڈی وینس کی سربراہی میں دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو مربوط کرنے کے لیے ہاٹ لائن قائم کرنے پر اتفاق کیا تھا تاہم یہ ہاٹ لائن ابھی تک فعال نہیں ہو سکی۔ دوحہ مذاکرات کا مرکزی موضوع آبنائے ہرمز ہوگا اور امریکی تکنیکی ٹیم کے سربراہ نک اسٹیورٹ بھی ان میں شرکت کریں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.