متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی نے سیاحتی ویزا کے عمل کو مزید آسان اور تیز بنانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت غیر ملکی سیاح اب مختصر مدت کے اندر ویزا حاصل کر سکیں گے۔
دبئی کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) کے مطابق سنگل انٹری ٹورسٹ ویزا اب درخواست جمع کرانے اور تمام ضروری دستاویزات مکمل ہونے کے بعد 48 گھنٹوں کے اندر جاری کیا جا سکتا ہے۔ یہ ویزا 30 یا 60 دن کے قیام کے لیے دستیاب ہوگا۔حکام نے بتایا کہ درخواست دہندگان منظور شدہ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے آسان طریقہ کار کے تحت درخواست دے سکتے ہیں، جس کا مقصد سیاحوں کے سفر کے تجربے کو مزید سہل اور تیز بنانا ہے۔ویزے کے لیے بنیادی دستاویزات میں پاسپورٹ کی کاپی، تصویر اور بعض مخصوص ممالک کے شہریوں کے لیے قومی شناختی کارڈ شامل ہیں۔ تمام دستاویزات مکمل ہونے کے بعد درخواست پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔انتظامیہ کے مطابق بعض کیسز میں ویزا چند گھنٹوں میں بھی منظور ہو جاتا ہے، جو دبئی کی سیاحتی خدمات کو عالمی معیار کے مطابق مزید مؤثر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔یہ اقدام دبئی کی جانب سے سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے اور بین الاقوامی مسافروں کے لیے داخلے کے عمل کو مزید آسان بنانے کی حکمتِ عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔