لانگ آئی لینڈ میں روح پرور صوفی قوالی نائٹ، علی زمان تاجی کی پُرسوز پرفارمنس نے سماں باندھ دیا
نیویارک کے علاقے لانگ آئی لینڈ کے معروف ہال مارکی آن براڈوے میں ایک روح پرور صوفی قوالی نائٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف قوال علی زمان تاجی نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔
اس محفل میں صوفیانہ موسیقی اور قوالی کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ شرکاء نے نہ صرف محفل کو سراہا بلکہ اپنی پسند کے کلام کی فرمائش بھی کی، جسے فنکار نے خوش اسلوبی سے پورا کیا۔کراچی سے خصوصی طور پر مدعو کیے گئے قوال علی زمان تاجی نے شرکاء کی فرمائش پر مختلف معروف صوفیانہ قوالیاں پیش کیں، جنہوں نے حاضرین کو وجدانی کیفیت میں مبتلا کر دیا۔ ان کی پُراثر آواز اور کلام کی روحانی تاثیر سے محفل کا سماں بار بار گرماتا رہا اور شرکاء جھوم اٹھے۔دوران محفل پورا ہال صوفیانہ رنگ میں ڈوبا رہا اور ایک روحانی سماں قائم رہا، جہاں شرکاء نے موسیقی کے اس وجد آفریں سفر کو بھرپور انداز میں سراہا۔ اختتام پر شرکاء نے منتظمین اور فنکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اس نوعیت کے پروگرام مستقبل میں بھی تسلسل کے ساتھ منعقد کیے جائیں گے تاکہ صوفیانہ موسیقی کی روایت کو فروغ ملتا رہے۔