vosa.tv
Voice of South Asia!

ٹرمپ کا خواتین کی صحت پرتحقیق بڑھانےکاحکم،وائٹ ہاؤس میں نئی ٹاسک فورس قائم

0

 نیویارک(نیوزڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خواتین کی صحت کے شعبے میں تحقیق بڑھانے کا اعلان کر دیا۔ نئے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت نیشنل انسٹی ٹیوٹس آف ہیلتھ میں خواتین کی صحت کا الگ ڈویژن اور وائٹ ہاؤس میں ٹاسک فورس قائم کی جائے گی۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خواتین کی صحت کے حوالے سے وفاقی سطح پر تحقیق بڑھانے کے لیے نئے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کی زندگی کے مختلف مراحل میں صحت کے مسائل کو بہتر طور پر سمجھنا، بیماریوں کی تشخیص کے طریقوں کو جدید بنانا اور علاج میں بہتری لانا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں ہوئی تقریب کے دوران اعلان کیا گیا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹس آف ہیلتھ میں خواتین کی صحت کا نیا ڈویژن قائم کیا جائے گا، جبکہ وائٹ ہاؤس میں الگ ٹاسک فورس بھی بنائی جائے گی۔ اس ٹاسک فورس کی قیادت وائٹ ہاؤس کی چیف آف اسٹاف سوزی وائلز اور وزیرِ صحت رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کریں گے۔خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ نے اس اقدام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کی کوشش خواتین کی بیماریوں کے علاج دریافت کرنے اور انہیں صحت مند زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہوگی۔

حکم نامے میں امراض نسواں سمیت مختلف مسائل پر تحقیق بڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔ الزائمر، دل کی بیماریوں، ہڈیوں کی کمزوری اور فالج جیسے امراض بھی اس توجہ کا حصہ ہوں گے۔ نئے اقدام کے لیے مخصوص مالی اہداف مقرر نہیں کیے گئے۔ حکم نامے کے تحت سابق صدر جو بائیڈن کے دور میں خواتین کی صحت سے متعلق تحقیق بڑھانے کے لیے جاری کیا گیا سابقہ ایگزیکٹو آرڈر بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.