نیویارک میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے حوالے سے خصوصی تقریب
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور نیویارک میں پاکستانی قونصلیٹ کے اشتراک سے معرکۂ حق پاکستان کی فتح، استقامت، عزم اور امن کے حصول کی جدوجہد کے عنوان سے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ یہ تقریب معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پاکستان کے مؤقف، قومی یکجہتی اور امن کے پیغام کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی گئی۔
تقریب کا انعقاد پاکستان پرمننٹ مشن ٹو دی یونائیٹڈ نیشنز، نیویارک میں کیا گیا، جہاں پاکستانی کمیونٹی، سفارتی شخصیات، میڈیا نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔بعد ازاں پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیا۔تقریب کی نظامت پاکستان مشن میں قونصلر صائمہ سلیم نے نہایت خوبصورتی اور پروقار انداز میں انجام دی۔ انہوں نے تقریب کے مختلف حصوں کو مربوط انداز میں پیش کرتے ہوئےمعرکۂ حق کی اہمیت، پاکستان کی قربانیوں اور امن کے لیے جاری کاوشوں پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر ایک خصوصی ڈاکیومینٹری بھی دکھائی گئی جس میں پاکستان کی قومی جدوجہد، چیلنجز، قربانیوں اور امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار ، نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور رانا سینیٹر محمود الحسن نے پاکستان کے اصولی مؤقف، قومی خودمختاری، امن پسندی اور عالمی سطح پر پاکستان کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور باہمی احترام کی پالیسی پر کاربند رہا ہے، جبکہ معرکۂ حق پاکستان کے عزم، اتحاد اور ثابت قدمی کی علامت ہے۔اس موقع پر دیگر مقررین نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں جو دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں۔بعد ازاں سینیٹررانا محمود الحسن کی جانب سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار اور نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی کو روایتی اجرک پیش کی گئی، جو اس پروقار موقع کی یادگار کے طور پر بطور تحفہ دی گئی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا ۔