vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک روڈ رنرزکے زیرِاہتمام ٹی سی ایس نیویارک سٹی میراتھن کِڈز کِک آف کاآغاز

0

نیویارک (نیوزڈیسک) دنیا کی معروف ترین میراتھن میں سے ایک، ٹی سی ایس نیویارک سٹی میراتھن دو ہزار چھبیس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں نیویارک روڈ رنرز کی جانب سے بچوں کے لیے خصوصی ریسز، ٹی سی ایس این وائی سی میراتھن کِڈز کِک آف کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں بچوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔

نیویارک سٹی میراتھن کے تاریخی فائیو بروز روٹ کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر نیویارک روڈ رنرز نے پہلی بار کِڈز کِک آف ایونٹ کو دو روز تک پھیلاتے ہوئے شہر کے پانچوں بوروز تک وسعت دے دی ہے۔بروکلین برج پارک پیئر سکس، دی برونکس کے سینٹ میریز پارک، کوئینز کے ایسٹوریا پارک اوراسٹیٹن آئی لینڈ کے اوشین بریز پارک میں منعقدہ ڈیشز اور فیملی ریسز میں تقریباً دو ہزار بچوں نے حصہ لیا۔

اس ایونٹ کا مقصد بچوں میں کھیلوں، جسمانی سرگرمیوں اور دوڑنے کے شوق کو فروغ دینا ہے۔ دو سے اٹھارہ سال تک کی عمر کے بچوں، بشمول خصوصی صلاحیتوں کے حامل نوجوانوں، کے لیے یہ سرگرمیاں مفت رکھی گئی ہیں۔تقریبات کے اگلے مرحلے میں نیویارک کے مشہور سینٹرل پارک میں مزید تین ہزار بچوں کی شرکت متوقع ہے، جس کے بعد اس خصوصی یوتھ ایونٹ میں شریک بچوں کی مجموعی تعداد پانچ ہزار تک پہنچنے کا امکان ہے۔

کِڈز کِک آف کے اختتام کے ٹھیک ایک ہفتے بعد، یکم نومبر دو ہزار چھبیس کو، ٹی سی ایس نیویارک سٹی میراتھن کا انعقاد ہوگا، جس میں دنیا بھر سے ساٹھ ہزار سے زائد رنرز کی شرکت متوقع ہے۔منتظمین کے مطابق، یہ ایونٹ نہ صرف کھیلوں کے فروغ بلکہ نئی نسل میں صحت مند طرزِ زندگی، اعتماد اور ٹیم ورک کے جذبے کو پروان چڑھانے کا بھی ایک اہم ذریعہ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.